پشاور، سرکاری ہسپتال مالی مشکلات کا شکار، جان بچانے والی ادویات ندارد

ویب ڈیسک: پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتال مالی مشکلات کا شکار ہیں اور ان مالی مسائل سے براہ راست عام مریض متاثرہونے لگے ہیں۔ موجودہ وقت سرکاری ہسپتالوں کے شعبہ ہائے ایمرجنسی میں جان بچانے والی ادویات کے علاوہ اینٹی ربیز بھی دستیاب نہیں ہیں۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ ہسپتالوں کو امیونوگلوبین، اینٹی ربیز ویکسین اور ایمرجنسی ادویات کی کمی کا سامناہے اور فنڈز نہ ہونے کے باعث ادویات کی خریداری کیلئے تاحال کوئی آرڈر نہیں دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ہیلتھ سروسز نے سیکرٹری ہیلتھ کو ہسپتالوں کی مالی مشکلات کے بارے میں آگاہ کردیا ہے اور ادویات کی قلت دور کرنے کیلئے پیسے طلب کر لئے ہیں ۔صوبے میں ادویات کی خریداری کی مد میں 2.67 ارب روپے کے بقایاجات ہیں جبکہ نئی خریداری کیلئے بھی کم از کم 6 ارب روپے کی ضرورت ہے۔
محکمہ خزانہ نے2022ءاور2023ءمیں بقایات کی مد میں 99 کروڑ77 لاکھ روپے کا بجٹ دیا ہے جس سے ادویات کی قلت کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتال مالی مشکلات کا شکار ہیں، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ملکی معاشی استحکام کیلئے ہماری کوششیں رنگ لے آئیں، شہباز شریف