بلاول

آزاد امیدواروں کےساتھ مل کرحکومت بنائیں گے‘بلاول

ویب ڈیسک :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ ضیاالحق مرحوم کی مسلم لیگ کے ساتھ ہے، آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کرحکومت بنائیں گے، یہ شیر والے اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔
سرگودھا کے علاقے بھلوال میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کواحساس ہی نہیں کہ عوام کن حالات سے گزر رہے ہیں جبکہ میں اپنا الیکشن منشور کی بنیاد پر لڑ رہا ہوں، حکومت ملی تو تمام 10 نکات پر عمل کر کے غربت، بےروزگاری کا مقابلہ کریں گے، جو شخص چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتا ہے اس نے اپنا منشورتک نہیں دیا، عوام نے اس شخص کو تین مرتبہ بھگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا نوجوانوں کو سمجھائیں کہ اپنا ووٹ ضائع مت کریں، کیا آپ اس شخص کو ووٹ دے کر ضائع کرنا چاہتے ہیں جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ پرانے سیاستدانوں جیسے وعدے نہیں کر رہا، ہم حقیقی معنوں میں غریبوں کی فلاح کے لیے کام کریں گے، کیا پاکستان کی قسمت میں لکھا ہوا ہےکہ آپس میں لڑتے رہیں گے، یہ پاگل پن ہوتا ہے کہ آپ وہی چیز کریں اور چاہیں کہ نتیجہ نیا ہو، میرا اعتماد پاکستان کے عوام پر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا نیب کیس بننے پر اداروں پر حملہ کیا جاتا ہے، بےنظیربھٹو شہید ہوئیں تو آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، میرے والد پر جیل میں تشدد کیا گیا زبان کاٹی گئی، چاہتے ہیں جو ہمارے ساتھ ہوا ہے ایسا ظلم کسی اورکے ساتھ نہ ہو، میرے لیے حرام ہوگا کہ میری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی ہو، میں یہ کرہی نہیں سکتا کہ مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کوجیل میں ڈالوں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا اب مقابلہ پیپلزپارٹی اور ضیاالحق مرحوم کی مسلم لیگ کے درمیان ہے، پیپلزپارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کرحکومت بنائے گی، یہ شیر والے اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

مزید پڑھیں:  ٹیلی کام کمپنیاں نان فائلرز کی موبائل سِمز بلاک کرنے پر آمادہ