عمران

9 مئی واقعات پر نگران حکومت کی تحقیقات کونہیں مانتے‘عمران

ویب ڈیسک :بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات پر نگراں وفاقی حکومت کی نگرانی میں تحقیقات کو نہیں مانتے، نگراں حکومت ‘اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے ہیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ‘9 مئی سے متعلق کوئی آزادانہ انکوائری نہیں ہوئی‘ جب تک جی ایچ کیو، جناح ہاو¿س اور دیگر تنصیبات کی سی سی ٹی وی فوٹیج چوری کرنے والوں کو نہیں پکڑا جاتا حقائق سامنے نہیں آسکتے، جس نے بھی جلاو¿ گھیراو¿ کیا ہے اس کو پکڑا جائے لیکن پہلے آزادنہ تحقیقات کرائی جائیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ 80 فیصد فوج پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، یہ جو مرضی کر لیں، انتخابی نشان لے لیں پی ٹی آئی کوہرا نہیں سکتے، ایسی پری پول دھاندلی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، میرا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے، عوام کا غصہ8 فروری کو نکلے گا۔
بانی پی ٹی آئی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری ایک ہی ڈیل ہے اور وہ ہے صاف اور شفاف انتخابات کرائیں اور جمہوریت لائیں، یہ جو سوچ رہے ہیں اس سے ملک کو نقصان پہنچے گا، یہ الیکشن نہیں آزادی کی جدوجہد ہے، میں نے پوسٹل بیلٹ کے لیے اپلائی کر رکھا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سنا ہے انہوں نے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے، دفعہ 144 کا نفاذ میرے اتوار کو الیکشن مہم شروع کرنے کے بیان کے بعد کیا گیا، دفعہ 144 صرف اور صرف پی ٹی آئی کے لیے لگائی گئی ہے، اب دیکھ لینا پی ٹی آئی کو جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں ملے گی، دفعہ 144 نواز شریف نے لگوائی ہوگی۔
نواز شریف کے جلسوں میں تو کوئی آ نہیں رہا، اس کے جلسوں میں پی ٹی آئی کے نعرے لگ رہے ہیں، نواز شریف خود تو گھر بیٹھے ہیں کہ یہ مجھے سلیکٹ تو کر رہے ہیں، کیمپین کی ضرورت ہی نہیں۔
عمران خان نے امیدواروں کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سب تیار رہیں، یہ جس امیدوار کو پکڑیں گے ہم اس کی جگہ کسی اور کو کھڑا کر دیں گے، یہ عوام سے ڈرے ہوئے ہیں، ہمارے امیدواروں کو میری تصویر لگانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہاں تک کہ امیدواروں کو قیدی نمبر 804 لکھنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی بنی گالا آمد ، بشریٰ بی بی سے ملاقات