مختلف شہروں میں دھماکے

بلوچستان کے مختلف شہروں میں دھماکے‘1شخص جاں بحق، 6 زخمی

ویب ڈیسک :کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دھماکوں میں مجموعی طور پر ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نیو سبزل روڈ اور سریاب میں 2 دھماکے ہوئے جس میں ایک معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔
نیو سبزل روڈ پر ہونیوالے دھماکے سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز طارق جواد نے بتایا کہ دھماکے میں8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر جاں بحق ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائے دھماکا کی حدود میں کوئی انتخابی پروگرام نہیں ہو رہا تھا، انتخابی گہما گہمی سے متعلق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
دوسرا دھماکا سریاب کے علاقے کلی غلام جان میں کچرے کے ڈھیر میں ہوا جس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے شہر تربت میں دستی بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق تربت میں دستی بم کا دھماکا شہر کے مین روڈ پر بازار کے قریب ہوا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ دھماکے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔
علاوہ ازیں جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں دستی بم کے دھماکے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دستی بم کا دھماکا ڈیرہ اللہ یار میں بھٹی پھاٹک کے مقام پر ہوا۔ جہاں نامعلوم افراد نے کھڑے ٹرک پر دستی بم پھینک دیا۔ دستی بم کے دھماکے سے تین راہ گیر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے۔
اس کے علاوہ مستونگ سینٹرل جیل کے اندر دستی بم حملے میں سپاہی زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے سپاہی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں تخریب کاری کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مزید پڑھیں:  خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، سینئر صحافی سمیت 3 افراد شہید