الناصر ہسپتال

غزہ:الناصر ہسپتال میں آکسیجن کی سپلائی منقطع،5مریض جاں بحق

ویب ڈیسک :غزہ کے الناصر ہسپتال میں اسرئیلی فوج کے چھاپے کے دوران بجلی کی فراہمی معطل اور آکسیجن کی سپلائی منقطع ہونے سے 5 مریض جاں بحق ہو گئے ۔
اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کے آخری بڑے ہسپتال پر اسرائیلی شہریوں کے قید ہونے کا جواز بنا کر دھاوا بول دیا۔
حملہ فوج کی جانب سے غزہ کے الناصر ہسپتال میں پناہ لینے والے ہزاروں بےگھر افراد کو نکالنے کی کوشش کرنے کے بعد کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے کی وجہ سے آکسیجن کی سپلائی منقطع ہوجانے سے غزہ کے مرکزی ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج 5 مریض انتقال کرگئے۔
پچھلے کچھ ہفتوں میں حماس کے خلاف اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کو نشانہ بنایا ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس کے مطابق حماس نے قیدیوں کو ہسپتال میں رکھا ہے اور بقیہ قیدی شاید اب بھی ہسپتال میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:  اوور بلنگ پر 3سال کی سزا کا بل منظور