2ووٹ کم

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کے 2ووٹ کم ،چہ مگوئیاں شروع

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیکرکے مقابلے میں ڈپٹی سپیکر کو کم ووٹ پڑنے سے کئی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں ۔
مذکورہ دونوں ممبران کو ن تھے اور کیونکر انہوںنے اپناووٹ پارٹی امیدوارکے حق میں کاسٹ نہیں کیاہے اس بارے میں پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں میں بھی چہ مگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ۔
ممبران ایک دوسرے کو شک کی نظر سے دیکھ رہے ہیں تاہم خفیہ رائے شماری کی وجہ سے مذکورہ دو ایم پی ایز کا پتہ نہیں چلایا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی میں سپیکر اورڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری کی گئی جس میں مجموعی طور پر106ووٹ کاسٹ ہوئے لیکن جب انتخابی نتائج جاری ہوئے توسپیکرکے انتخاب میں سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم نے89ووٹ حاصل کئے ان کے بعد ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کے انتخابی نتائج جاری ہوئے تواس نے پورے ایوان کو حیران کردیاکیونکہ انہیں87ووٹ پڑے تھے ۔
سپیکر کے انتخاب کے دوران مخالف امیدوار احسان اللہ میانخیل کو سترہ ووٹ پڑے تھے جبکہ ارباب وسیم نے بطور ڈپٹی سپیکر امیدوار19ووٹ حاصل کئے ۔
اس صورتحال نے پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں میں بھی بے چینی پیدا کردی ہے اور شک کا اظہار کیا جارہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے دو ممبران نے خاتون ایم پی اے کوووٹ دینے کے بجائے اپوزیشن کے امیدوار کو ووٹ ڈالا ہے ۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں جانچ پڑتال کی جارہی ہے لیکن خفیہ رائے شماری کی وجہ سے یہ پتہ نہیں چلایا جاسکتا کہ کس ایم پی اے نے ووٹ نہیں دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  24 مئی مارخور کا عالمی دن، اقوام متحدہ نے قرارداد منظور کر لی