ہلڑ بازی

صوبائی اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہلڑ بازی، جوتوں اور لوٹوں کا استعمال

ویب ڈیسک: سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے دوران بھی خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہلڑ بازی ،اسمبلی پاس منسوخ کرنے کے باوجود بھی مہمانوں کی گیلریاں ایم پی ایز کے رشتہ داروں اور کارکنوں سے بھری ہوئی تھیں ۔
شور شرابا کے دوران لیگ کی خاتون ممبرصوبیہ شاہد پر دوسرے روز بھی جوتے اور لوٹے پھینکے گئے اور خوب نعرے بازی کی گئی ۔
اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ساتھ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی89ووٹ لے کر16ویں سپیکر اسمبلی منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے امیدوار احسان اللہ میانخیل کو 17ووٹ پڑے ہیں سپیکر کیلئے مجموعی طور پر106ووٹ کاسٹ کئے گئے ان ووٹوں میں سے ایک بھی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔
قبل ازیں صوبائی اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق احمد غنی کی سربراہی میں شروع ہوا جس کے بعد انہوں نے سپیکر کے انتخاب کیلئے طریقہ کار کا اعلان کیا اور اسمبلی کو پولنگ سٹیشن میں تبدیل کردیا ۔
ووٹنگ کے اس عمل کے دوران مہمانوں کی گیلریوں سے مسلسل آوازیں دی جارہی تھیں اس دوران اقبال وزیر، ہشام انعام اللہ کے ووٹ ڈالتے وقت ایوان لوٹا، لوٹا کے نعروں سے گونج اٹھا۔
مذکورہ دونوں ایم پی ایز پاکستان تحریک انصاف سے9مئی کے واقعات کے بعد لاتعلق ہوئے تھے اور پی ٹی آئی کیخلاف پریس کانفرنس بھی کی تھی جس پر کارکنوں کی جانب سے انہیں خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا جبکہ صوبیہ شاہد پر بھی ووٹ ڈالتے وقت نازیبا آوازیں کسی گئیں ۔
کارکن بدھ کے روز کی صورتحال کو دہرانے کیلئے بھر پور تیاری کے ساتھ اسمبلی ہال میں لائے گئے تھے اس شور کے درمیان نامزد وزیراعلیٰ نے بھی کارکنوں کو خاموش رہنے کی درخواست کی لیکن اس کے باوجود کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا اور اس شور کے درمیان ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا۔
، سپیکر منتخب ہونے کے بعدبابر سلیم سے حلف لیاگیا اورانہوں نے اجلاس کی صدارت سنبھال لی اس کے بعد ان کی صدارت میںڈپٹی سپیکرکا انتخاب شروع ہوا جس میں سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی کو87ووٹ پڑے جبکہ ان کے مدمقابل ارباب وسیم کو19ووٹ پڑے ہیں۔
صوبائی اسمبلی کا اجلاس کل تک ملتوی کردیاگیا ہے اوروزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے ۔
واضح رہے کہ جمعیت علماءاسلام کے ارکان اسمبلی ووٹنگ کے عمل سے لاتعلق نظر آئے اور ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

مزید پڑھیں:  چکدرہ دیر ڈیڑھ سو کلومیٹر مین شاہراہ ٹھوٹ پھوٹ کا شکار، عوام کو مشکلات