کور کمانڈرز کانفرنس

9مئی کے کرداروں کو نہیں چھوڑا جائے گا،کور کمانڈرز کانفرنس

ویب ڈیسک: کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ 9مئی کے کردارں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا ،منصوبہ سازوں ، اشتعال دلانے اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے گا۔
الیکشن 2024میں مسلح افواج نے میڈیٹ کے مطابق عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا مگر کچھ عناصر کی جانب سے الزام تراشی کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت263ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
شرکا نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کوزبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج نے عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے منڈیٹ کے مطابق تمام تر مشکلات کے باوجود محفوظ ماحول مہیا کرنے پر سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا اور اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
فورم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ مخصوص سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ پروگراموں میں مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات لگا کر مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
فورم نے اس بات پر زور دیا کہ غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کی بجائے ثبوت کے ساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا،جس کے نتیجے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔
وزیر اعظم پاکستان کے عزم کے مطابق پاک فوج نے اعادہ کیا کہ 9مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس حوالے سے مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصو ل کے لئے منظم مہم کا حصہ ہیں، تاکہ مئی کی گھنانی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔
شرکاء نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تقسیم ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہا ر کیا اور اس عوام پر زور دیا کہ وہ مثبت اور متحد رہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں۔ شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج پائیدار استحکام، خوشحالی اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی۔
آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور حوصلہ افزائی کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنوں کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زوردیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے ۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد، موٹر سائیکل گہری کھائی میں جا گری، 60 سالہ شخص جاں بحق