ججز کو موصول خط کے حوالے سے کمیشن بننا ضروری ہے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی میں عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججز کو موصول ہونے والے خط کے حوالے سے کمیشن بننا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چور فارم 47 والوں کو ایوان میں بھیجا گیا ہے جو قطعی قرین انصاف نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیا تجربہ کرنے والے ایک دن بے نقاب ہو کر رہیں گے۔ لوگوں نے الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا حالانکہ ان سے نشان تک چھین لیا گیا لیکن عوام نے انہیں ڈھونڈ کر ووٹ دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام تر اختلافات کے باوجود قوم جاگ چکی ہے۔ جلد بانی پی ٹی آئی باہر ہوں گے۔
علی امین گنڈاپور نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں، ججز کو لکھے گئے خط کے بعد ہر چیز ظاہر ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ سانحہ 9 مئی کے درج 13 کیسز میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ اور ضمانتیں منظور کر لی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  حج کوٹہ رواں برس بھی پورا استعمال نہیں کر سکیں گے، سید عطاء الرحمٰن