دورہ پاکستان مکمل، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وطن واپس روانہ

ویب ڈیسک: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ایران کے صدر نے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم اور صدر مملکت سمیت اعلیٰ ملکی سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔
اپنے دورہ کے دوران ایران کے صدر لاہور اور کراچی بھی گئے۔ اس دوران 8 معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی دوسرے کے آخری راونڈ میں کراچی گئے جہاں انہوں نے اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں اس کے بعد آج کراچی کے جناح ایئرپورٹ سے ایران کیلئے روانہ ہو گئے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں رخصت کیا۔
دورے کے موقع پر پاک ایران تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر دونوں ممالک کی جانب سے اتفاق کیا گیا۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ایران اور پاکستان کے تعلقات صرف 76 سال سے نہیں بلکہ پاکستان کو سب سے پہلے ایران نے ہی تسلیم کیا۔
پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ غزہ پر سلامتی کونسل کی قرارداد کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں لیکن اقوام عالم خاموش ہے تاہم کشمیر کیلئے آواز اٹھانے پر ایرانی صدر کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے تعلقات کو کوئی منقطع نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاک ایران اقتصادی، تجارتی، ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کا عزم کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی :خوڑ میں نہاتے ہوئے 8سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق