847583 080710 updates

آخری ٹی 20، قومی ٹیم کو وائٹ واش کا چیلنج درپیش

ویب ڈیسک(نیپئیر): پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آخری میچ آج نیپئر میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو سیریز ہارنے کے بعد وائٹ واش کا چیلنج درپیش ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں تیسرے ٹی20 میں آج مدمقابل ہوں گی، قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، فاسٹ بولر وہاب ریاض اور اوپنر عبداللہ شفیق کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور عبداللہ شفیق کی جگہ محمد حسنین اور افتخار احمد کی شمولیت کا قوی امکان ہے، واضح رہے کہ وہاب ریاض دو میچ میں کوئی وکٹ نہ لے سکے جبکہ عبداللہ شفیق بھی دونوں میچز میں رنز نہیں بناسکے تھے۔
ٹی 20 کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی جس کے لیے15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، انجرڈ بابر اعظم کی جگہ محمد رضوان ٹیم کی قیادت کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، عابد علی، شان مسعود، فواد عالم، عمران بٹ، حارث سہیل، سرفراز احمد، سہیل خان، نسیم شاہ، محمد عباس، شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور یاسر شاہ شامل ہیں۔