بی آر ٹی تکمیل مدت

بی آر ٹی تکمیل مدت میں 1 سال کی توسیع ، ٹھیکیدار بھی تبدیل

خیبرپختوخوا حکومت نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کیلئے ایک اور ٹھیکہ دار کی خدمات حاصل کرلیں منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور فرانسیسی بینک سے درخواست کرکے تکمیل کیلئے ایک سال کی توسیع کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے اب منصوبے 31 دسمبر 2022 تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی دستاویزات کے مطابق پشاور بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے میں اب بھی کئی اہم تعمیرات باقی ہیں. جبکہ کئی مکمل تعمیرات کے غیر معیاری ہونے کی شکایات بھی سامنے آگئی ہیں جس کے باعث اب دونوں نوعیت کے کام تکمیل تک پہنچانے میں موجودہ ٹھیکہ دار ناکام ہو گئے ہیں معاہدہ کے تحت صوبائی حکومت باقی ماندہ کام مکمل کرنے اور غیر معیاری کام کو دوبارہ سے درست کرنے کیلئے ایک اور ٹھیکہ داری خدمات حاصل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹھیکہ ایک اور کمپنی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے نئے ٹھیکہ دار کو ٹھیکہ دینے کے تمام اخرجات موجودہ ناکام ٹھیکہ دار کی سکیورٹی سے ادا کئے جائیں گے اور فائنل پے منٹ سرٹیفکیٹ میں اسے حتمی شکل دی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ترجمان دفتر خارجہ

یہ بھی پڑھیں:بی آر ٹی کے 7 اسٹیشنز پر ویکسینیشن کائونٹر قائم

ذرائع کے مطابق بی آر ٹی کا کام اور قرض ملنے کا وقت 31 دسمبر 2021 تک طے تھا تاہم اسکی تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے قرض مکمل طور پر حاصل نہیں کیا جا سکا ایشیائی ترقیاتی بینک اب تک بی آر ٹی کیلئے منظور شدہ 33 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز میں سے 31 کروڑ 92 لاکھ 60 ہزار روپے جاری کرچکا ہے اسی طرح فرانسیسی بینک کی جانب سے منظور شدہ 14 کروڑ 60 لاکھ 9 ہزار میں سے 7 کروڑ 93 لاکھ ڈالرز خیبر پختونخوا حکومت کو جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک کروڑ 57 لاکھ 40ہزارڈالرز اورفرانسیسی بینک کے 6 کروڑ 67 لاکھ 70 ہزار ڈالرز کا اجراء ابھی باقی ہے۔ منصوبے کو 31 دسمبر 2022 تک توسیع دینے کے بعد اب یہ رقم صوبائی حکومت کو جاری کی جا سکے گی۔ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے حیات آباد اور ڈبگری کے ڈپو میں پلازوں کی تعمیر کا زیادہ تر کام ابھی باقی ہے اور اس کی تکمیل سمیت دیگر کئی تعمیراتی کام غیر معیاری ہونے کے باعث اسے بھی دوبارہ سے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق منصوبے کے تعمیراتی کام کو رواں برس مکمل کرلیا جائیگا جبکہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کی سروسز اس تمام عمل کے دوران بحال رہیں گی۔

مزید پڑھیں:  بگ باس او ٹی ٹی 3 کا پریمیئر جون میں ریلیز ہوگا