پی ایس ایل 7 کا ترانہ

آئمہ بیگ اور عاطف اسلم پی ایس ایل 7 کا ترانہ گائیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 2022 کا ترانہ آئمہ بیگ اور عاطف اسلم گائیں گے۔

پی ایس ایل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آفیشل گانے کے لیے منتخب ہونے والے گلوکاروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے ۔

ٹویٹر پر کی جانے والی پوسٹ میں ایک تصویر شیئر کی گئی ہے، جس پر عاطف اسلم آئمہ بیگ اور عبد اللہ قریشی کی تصاویر بنی ہوئیں ہیں۔ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ آئندہ ہفتے تک ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد اسے لیگ کے دوران سٹیڈیم میں بجایا جائے گا۔ گلوکار عاطف اسلم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گائیں گے جبکہ آئمہ بیگ گزشتہ ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’گروو میرا‘ کا حصہ بن چکی ہیں۔

میوزک کمپوزر اور پرڈیوسر عبداللہ صدیقی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ تیار کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ نئے ترانے کے پروڈیوسر عبداللہ صدیقی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا ترانہ تیار کرنے کی کوشش کی ہے جو کھیل کی روح کے مطابق ہو، یہ ترانہ شائقین کرکٹ کو پسند آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں :شعیب ملک نے ریسٹورنٹ کھول لیا

آفیشل ترانے کے حوالے سے خبر سامنے آنے کے بعد عاطف اسلم نے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں مداحوں سے سوال کیا گیا کہ ’کیا آپ تیار ہیں۔؟‘

دوسری جانب آئمہ بیگ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں کہا کہ ’اب چونکہ خبر سامنے آ ہی گئی ہے تو میں بھی تصدیق کر دیتی ہوں کے پی ایس ایل سیزن سیون کے آفیشل ترانہ ’تھری ایز‘ نے تیار کیا ہے۔ ’تھری ایز‘ سے گلوکارہ کی مراد عاطف اسلم، آئمہ بیگ اور عبداللہ صدیقی تھے، تینوں کے نام کی شروعات انگریزی حرف ’اے‘ سے ہوتی ہے۔ آئمہ بیگ نے پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور ساتھ انہوں نے لکھا کہ یہ ایک خوشی کی بات بھی ہے لیکن میں یہاں کچھ گھبرائی ہوئی بھی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:ہمایوں سعید نیٹ فلکس میں کاسٹ ہونے والے پہلے پاکستانی اداکار بن گئے

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل اینتھم کی مخالفت کی ہے۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا ہے کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں، پیسہ ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان سپرلیگ 6 کا آفیشل گانا آنے کے بعد شائقین نے اس پر شدید تنقید کی جس کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد علی ظفر نے اپنے طور پر پی ایس ایل کا گانا تیار کر کے ریلیز کیا تھا۔