لتا منگیشکر کی میت

شاہ رخ پر لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے کا الزام عائد

بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات ممبئی کے شیوا جی پارک میں ادا کی گئیں، جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور نامور شخصیات نے شرکت کی۔

آخری رسومات میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک تھیں، جن میں شاہ رخ خان بھی شامل ہیں۔

اے این آئی کی جانب سے سچن ٹنڈولکر اور شاہ رخ خان کی لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں شاہ رخ خان اپنی اہلیہ گوری کے ساتھ آئے اور انہوں نے میت کے سامنے کھڑے ہوکر دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے، دعا ختم ہونے کے بعد ماسک نیچے کیا اور میت کی طرف منہ کر کے پھونک ماری۔

یہ بھی پڑھیں:’نائٹنگل آف انڈیا‘ کے انتقال پر سلمان خان بھی غمزدہ

اس ویڈیو کو بنیاد بنا کر ایک بھارتی صارف نے الزام عائد کیا کہ شاہ رخ خان نے لتا منگیشکر پر تھوک پھینکا۔ اس کے نیچے اور بھی صارفین آئے اور شاہ رخ خان پر یہی الزام عائد کیا۔جہاں الزام عائد کرنے والے صارفین تھے وہیں پر کچھ ایسے باشعور لوگ موجود تھے جنہوں نے الزام لگانے والے صارفین کو سمجھانے کی کوشش کی کہ شاہ رخ خان نے تھوکا نہیں بلکہ دعا پڑھ کر پھونکی ہے۔

واضح رہے لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں کورونا کے باعث چل بسی تھیں، انکی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔