محمود خان

اپوزیشن میں حکومت گرانے کی ہمت نہیں،ہمارا مقابلہ مہنگائی سے ہے،محمود خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور علاقے کے لئے اربوں روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں جن پر پیشرفت جاری ہے ۔ پشاور، ڈی آئی خان ایکسپریس وے کا منصوبہ علاقے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ منصوبہ جو 370 ار ب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اسی طرح چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال کا منصوبہ علاقے کی ترقی کیلئے ایک اور اہم منصوبہ ہے جو کم وبیش 160 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ان منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی ۔ گیس رائلٹی فنڈز سے گیس کے پیداواری اضلاع کیلئے ایریا ڈویلپمنٹ پلانز ترتیب دیئے گئے ہیں جن کے تحت ان اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن مارچ کرے یا کچھ بھی کرے اُنہیں ناکامی ہو گی اور حکومت اپنی مدت ضرور پوری کرے گی ، اپوزیشن میں نہ وہ صلاحیت ہے اور نہ سکت کہ وہ وزیراعظم کو ہٹائے، یہ بے روزگار لوگوں کا ٹولہ ہے اُن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ، عوام نے اُنہیں مسترد کر دیا ہے اور یہ صرف وقت گزار رہے ہیں۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کی اُمیدوں کا واحد مرکز ہیں وہ نہ صرف ملک بلکہ عالم اسلام کے مقبول لیڈر ہیں جو عالمی پلیٹ فارمز پر اسلام اور کشمیر کا کیس موثر انداز میں لڑ رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس انتہائی کامیاب رہا اور آنے والے دنوں میں اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ حکومت کا کسی سے مقابلہ نہیں اگر مقابلہ ہے تو صرف مہنگائی سے ہے۔ دُنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں مہنگائی ضرور ہے لیکن حکومت اس کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے ، حکومت کو احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں لیکن یہ مشکلات عارضی ہیں، حکومت عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھارہی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد حالا ت معمول پر آئیں گے ۔

مزید پڑھیں:  سونے کی فی تولہ قیمت میں اچانک 1100 روپے کا اضافہ

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ملک جن بحرانوں کا شکار ہے وہ موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں ، سابقہ نا اہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے بجائے صرف بیرونی قرضوں پر انحصار کرکے قوم کو مقروض کر دیا لیکن موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے۔ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے حکومت کو کچھ سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن آنے والے دنوں میں صورتحال میں واضح بہتری آئے گی ۔ تعلیم کا فروغ شروع دن ہی سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں برسراقتدار آتے ہی تعلیمی ایمرجنسی نافذ کردی جس کے تحت تعلیم کے شعبے کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا اور ان اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سرکاری سکولوں کا معیار خاطر خواہ حد تک بہتر ہو گیا اور عوام کا اعتماد سرکاری تعلیمی اداروں پر بحال ہو گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  قومی ویمن کرکٹر و سابق کپتان بسمہ معروف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم پالیسی کا کریڈٹ موجودہ حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ، صوبائی حکومت اس پالیسی پر عمل درآمد کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے اور انشاء اللہ اس پالیسی کے نفاذ سے معاشرے میں امیر و غریب کا فرق ختم ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان موجودہ حکومت کی ترجیحات کا محور ہیں ، صوبائی حکومت نے نوجوانوں خصوصاً نئے گریجویٹس کو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کیلئے 5 ارب روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل اسکلز پروگرام تیار کرلیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ڈیجیٹل اسکلز سکھائی جائیں گی جس کے نتیجے میں نوجوان اپنے گھر بیٹھے باعزت طریقے سے روزگار کمانے کے قابل ہو سکیں گے ۔