میرانشاہ

میرانشاہ:معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر،تاجروں کا انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کیخلاف احتجاج

میرانشاہ:شمالی وزیرستان کی تاجر برادری نے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ضلع بھر کی سڑکوں کی بندش اور بجلی کی ترسیل کو معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔آپریشن ضرب عضب کے دوران متاثر ہونے والے دکانداروں کا معاوضے کی ادائیگی کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔احتجاجی تاجران نے اپنے مسائل و مطالبات بارے میڈیا کو آگاہ کیا۔ میرانشاہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تاجر شیر والی خان نے کہا کہ آپریشن کے دوران ایک تو ہمارے مال واملاک اور کاروبار تباہ ہو گئے ہیں جبکہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ منظور شدہ امدادی فنڈ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔تاجر امشاد اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتا یا کہ گزشتہ دوسال سے تاجر برادری معاوضے کی رقم لینے کیلئے خوار ہو رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ روائتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاجر برادری کو چیک جاری کرنے میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔ ثنا اللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کررہی۔ہائی کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ثنا اللہ سیدایوب نے بتایا کہ حکومت نے تاجر برادری کے نقصانات کے معاوضے کیلئے فنڈز ریلیز کر دئے ہیں جو ہمیں تاحال وصول نہیں ہوئے،انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تصدیق شدہ کاروباری حضرات کو چیک جاری نہ کئے گئے تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، بشام واقعہ کے بعد این سی پی گاڑیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ