کراچی ٹیسٹ

کراچی ٹیسٹ، پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ، ٹیم میں چار تبدیلیاں، وسیم جونیئر کا ڈیبیو

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کی ٹیم پہلی وکٹ گنوا چکی ہے۔کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بالنگ کی دعوت دی۔عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا اور اسکور کو 18 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر عبداللہ کو وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں جیک لیچ کی گیند پرآئوٹ قرار دیا گیا۔پاکستان نے اب تک ایک وکٹ کے نقصان پر 26 رنز بنائے ہیں، وکٹ پر شان مسعود کے ساتھ اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی موجود ہیں۔پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں اور انجری کا شکار امام الحق کے ساتھ ساتھ محمد نواز، زاہد محمود اور محمد علی کو بھی باہر بٹھا دیا گیا۔ان کی جگہ فائنل الیون میں شان مسعود، اظہر علی، نعمان علی اور محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔وسیم جونیئر نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 253ویں کرکٹر ہیں، انہیں آخری میچ کھینے والے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے ٹیسٹ کیپ دی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹف شیڈول جاری، افریقہ اور آسٹریلیا سے ٹاکرا ہوگا