آئس سعودی عرب سمگل

تندوروں کے ذریعے آئس سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش،ملزم گرفتار

ویب ڈیسک :اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک بھر میں انسداد منشیات کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران کراچی سے سعودی عرب بھیجنے کے لیے تیار کیے گئے تندوروں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔ شاہراہ فیصل پر واقع نجی کوریئر آفس میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس میں تندور کے ذریعے منشیات سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ناکام بنا دی گئی۔اے این ایف نے 6 تندوروں میں سے مجموعی طور پر 56 کلو جذب شدہ آئس برآمد کرلی۔ ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کی شناخت خیبر کے رہائشی اقرار احمد کے نام سے ہوئی، جو پہلے بھی راولپنڈی میں منشیات پارسل کیس میں مطلوب تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ نجی کمپنی کی بس کے ذریعے مزید 5 تندور کراچی پہنچ چُکے ہیں، جس پر اے این ایف نے 2 تندور سہراب گوٹھ کے قریب سے اور 3 لیاری کے قریب سے برآمد کر لیے گئے۔
11 تندوروں میں سے مجموعی طور پر جذب کی گئی 88 کلو 500 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔دوسری جانب باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر قطرجانے والے ملزم کے پیٹ سے 120 چرس بھرے کیپسول برآمد کرکے راولپنڈی کے رہائشی ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔ ملزم کی نشاندہی پر ائیرپورٹ سے اس کے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا