سی این جی سٹیشن ایک ماہ کیلئے بند،گھریلوصارفین کوگیس فراہمی یقینی بنانے کافیصلہ

ویب ڈیسک :صوبائی حکومت نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کے کم دبائو اور لوڈشیڈینگ کے باعث پشاورسمیت مختلف اضلاع میں تمام سی این جی فلنگ اسٹیشنوں کو ایک ماہ کے عرصہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے ۔ سی این جی فلنگ اسٹیشنز آج سے 31جنوری تک بند رہیں گی۔ پشاور،نوشہرہ، کوہاٹ، صوابی اور مردان میں فیصلہ کے اعلان کے بعد متعلقہ اضلاع میں شہری سی این جی فلنگ اسٹیشنوں پر ٹوٹ پڑے اور فلنگ اسٹیشنوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں
جس کی وجہ سے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں ودیگرشہریوں کوشدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرپشاور شفیع اللہ خان کیجانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایس این جی پی ایل اور ہوم اینڈ ٹرائبل آفیئرزڈیپارٹمنٹ کیجانب سے انہیں خطوط موصول ہوئے ہیں جس کے تحت گھریلو صارفین کو سوئی گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ کیوجہ سے گیس کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے ۔ دوسری جانب گیس کم دبائو اورلوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش ہے لہذا سردی کے موسم میں گیس کے بڑھتے ڈیمانڈ کے پیش نظر سی این جی پمپس کی بندش لازمی ہے تاکہ گھریلوصارفین کوگیس کی سپلائی یقینی بنائی جاسکے اوران کی مشکلات کم ہوسکے ۔
حکومت نے پشاور سمیت نوشہرہ، کوہاٹ، صوابی اور مردان میں یکم جنوری سے 31جنوری تک سی این جی فلنگ اسٹیشنز بند رہیں گے۔ اس اعلان کے بعد متعلقہ اضلاع میں بڑی وچھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے گاڑیاں سی این جی فلنگ اسٹیشنزمیں گیس کیلئے کھڑی کردی جس کی وجہ سے ان فلنگ اسٹیشنوں پر غیرمعمولی رش کیوجہ سے شہریوں کو سخت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی