5e3b8cb385fa6

کامیڈی ڈرامے ‘سب سیٹ ہے’ کی ‘مڈ لائف’ کے ساتھ واپسی

کراچی میں رہنے والوں کی زندگی پر مبنی ماضی کا کامیاب کامیڈی ڈراما ‘سب سیٹ ہے’ تقریباً دو دہائیوں بعد نئے سیکوئل کے ساتھ واپسی ٹیلی ویژن اسکرینز پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ اس کامیڈی ڈرامے میں اظفر علی، سلمیٰ حسن، عدنان شاہ ٹیپو اور سلمان ثاقب (مانی) نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

اور اب ڈرامے کے ہدایت کار اور مرکزی اداکار اظفر علی نے ایک انٹرویو میں اس ڈرامے کے سیکوئل کا بھی اعلان کردیا۔

اتنے عرصے کے بعد سیکوئل بنانے کے سوال پر اداکار کا کہنا تھا کہ ‘ناظرین وہ ڈراما دیکھتے دیکھتے ہمارے ساتھ آگے بڑھے ہیں، تو اب اس کی واپسی کا مقصد بھی یہی ہے کہ جو اسکرین پر دکھایا جائے وہ ان سے منسلک لگے’۔

اظفر علی نے مزید بتایا کہ اس نئے ڈرامے ‘مڈلائف’ میں ‘سب سیٹ ہے’ کے مرکزی کرداروں کی آج کی زندگی کو پیش کیا جائے گا یعنی ادھیڑ عمر میں یہ تمام کردار کیسے اپنی زندگی گزار رہے ہوں گے۔

البتہ اداکار نے یہ بھی واضح کیا کہ ‘مڈلائف’ ڈراما ‘سب سیٹ ہے’ کی طرح مکمل طور پر کامیڈی نہیں ہوگا۔

اظفر علی کے مطابق ‘ڈرامے میں کئی کامیڈی مناظر پیش کیے جائیں گے البتہ یہ مکمل طور پر کامیڈی نہیں ہوگا’۔

ڈرامے کی اصل کاسٹ کے علاوہ ‘مڈ لائف’ میں مرینہ خان، عائشہ عمر، خالد انعم، بہروز سبزواری اور جنان حسین شامل ہیں۔

جبکہ اداکارہ حرا مانی بھی کچھ مناظر میں جلوہ گر ہوں گی۔

خیال رہے کہ 2014 میں بھی ‘سب سیٹ ہے’ کے سیکوئل کی قیاس آرائیاں سامنے آئیں تھی تاہم اس وقت ڈرامے کے مرکزی کردار اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے میں ناکام ہوئے تھے۔

اظفر علی کے مطابق ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز بھی ہوچکا ہے اور اسے جلد ریلیز کرنے کا بھی ارادہ کیا جارہا ہے۔