سری لنکا کو بھارت کے ہاتھوں ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی شکست

بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھارت کی ٹیم نے سری لنکا کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی شکست سے دوچار کرتے ہوئے سیریز بھی تین صفر سے جیت لی، تفصیلات کے مطابق بھارت کے کپتان روہیت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں سری لنکا کے سامنے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، شبھمان گل نے 116 جبکہ ویرات کوہلی نے 166 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، روہیت شرما نے 42 اور شریاس ایئر نے 38 رنز سکور کئے، سری لنکا کی جانب سے کوسن راجیتھا اور لہویرو کمارا نے دو دو جبکہ چمیکا نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن بھارتی بائولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 73 رنز پر پویلین جا بیٹھی اور میچ 317 رنز کے فرق سے ہار گئی، سری لنکا کی جانب سے بہترین سکور انیس رہا جو نوانیدو فرنینڈس نے سکور کیا جبکہ کپتان دوسن شانکا گیارہ اور کوسن راجیتھا تیرہ رنز بنا پائے ان تین کے علاوہ کوئی سری لنکا بیٹر اپنا سکور ڈبل فیگرز میں نہ لے جاسکا، دس رنز فاضل کے تھے، بھارت کی جانب سے محمد سیراج نے چار، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں:  کیربینز کیخلاف ناقص کارکردگی، نئی ویمنز سلیکشن کمیٹی تشکیل