الیکشن کمیشن تمام فیصلے نواز شریف سے پوچھ کر کرتا ہے: عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے الیکشن کمیشن تمام فیصلے نوازشریف سے پوچھ کر کرتا ہے، قوم اور پارٹی جیل بھرو تحریک کی تیاری کرے جلد تاریخ کا اعلان کروں گا۔
ویب ڈیسک: ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے، قوموں کی بنیاد انصاف پر رکھی جاتی ہے، جہاں انصاف ہوتا ہے وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے، جس معاشرے میں کمزور پر ظلم ہو وہ تباہ ہو جاتا ہے، ترقی یافتہ ممالک میں صرف قانون کی بالادستی ہوتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری تمام امیدیں عدلیہ سے جڑی ہیں، مجھے اقتدار میں آنے سے روکا جا رہا ہے، آئین اختیار نہیں دیتا کہ کرپشن کا پیسہ معاف کیا جائے، ان کو عدلیہ سے بھی خوف ہے کیونکہ عدلیہ ان کی چوری پکڑ لے گی۔
عمران خان نے کہا کہ قوم تیاری کر لے یہ دوبارہ عدلیہ پر دباؤ ڈالیں گے، الیکشن کمیشن تمام فیصلے نوازشریف سے پوچھ کر کرتا ہے، 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو آئین کی خلاف ورزی ہو گی اور آرٹیکل چھ لگے گا، 90 روز کے بعد نگران حکومتیں غیر آئینی ہو جائیں گی.
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف مجھے جیل بھیج کر نااہل کروانا چاہتے ہیں، جب یہ لوگ سمجھیں گے میدان تیار ہے تب یہ الیکشن کا اعلان کریں گے.
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کارڈ کی وجہ سے پرائیوٹ ہیلتھ سیکٹر دیہاتوں تک پھیل رہا تھا، موجودہ حکومت نے ہمارے ہیلتھ کارڈ کے منصوبے کو ختم کیا.
انہیں کھانسی بھی ہو تو پورا ٹبر بیرون ملک علاج کروانے چلا جاتا ہے، 10 ماہ میں مجھے ہٹانے کے بعد کیا کچھ ہوا سب کے سامنے ہے.

مزید پڑھیں:  اوور بلنگ پر 3سال کی سزا کا بل منظور