کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں محمد عباس کی شاندار باؤلنگ، 9 وکٹیں حاصل کر لیں

انگلینڈ میں جاری کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ون کے میچ میں گرین شرٹس کے فاسٹ باؤلر محمد عباس کی شاندار باؤلنگ، دو اننگز میں 9 وکٹیں حاصل کر کے ہیمپشائر کو کامیابی دلا دی۔ روز باؤل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں ناٹنگھم شائر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلی اننگز میں ناٹنگھم شائر کی پوری ٹیم 185 پر آؤٹ ہو گئی۔ ٹام مورس 49 اور جوئے کلارک 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ہیمپشائر کی ٹیم میں شامل پاکستان کے محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جیمس فولر نے 2 اور کائل ایبٹ نے 1 وکٹ حاصل کی۔ ہیمپشائر نے پہلی اننگز میں 231 رنز بنائے اور 46 رنز کی لیڈ حاصل کر لی۔ فلیچ مڈلٹن 59، آئن ہولینڈ 31 اور بین براؤن 26 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ اوکے سٹون، لیوک فلیچر اور ڈین پیٹرسن نے 3,3 جبکہ لیوڈن جینمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ناٹنگھم شائر کی دوسری اننگز بھی متاثر کن ثابت نہ ہوئی اور پوری ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بین ڈکٹ 51 اور بین سلیٹر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار باؤلنگ کے ذریعے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔ کائل ایبٹ نے 4 ، کیتھ بارکر نے 2 اور لیام ڈاؤسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہیمپشائر کی ٹیم نے 132 رنز کا آسان ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ جیت لیا۔ فلیچر میڈلٹن 65 اور نک گبیسن نے 54 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ، پاکستان نے کینیڈا کو بھی شکست دیدی