پاکستان شاہینز بمقابلہ زمبابوے اے، دوسرے چار روزہ میچ میں گرین شرٹس کی گرفت مضبوط

پاکستان شاہینز اور زمبابوے اے کے دورمیان دوسرے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے، گرین شرٹس کی298 رنز کی برتری، ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ نے سنچری جڑ دی۔ موتارے میں کھیلے گئے دوسرے چار روزہ میچ میں نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین حسیب اللہ کی شاندار کریئر بیسٹ سنچری کی بدولت پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 461 رنز بنائے تھے اور اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔پاکستان شاہینز کو 298 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے اور ابھی اس کی 2 وکٹیں باقی ہیں۔ زمبابوے اے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات حسیب اللہ کی شاندار سنچری تھی ۔ ان کے علاوہ عمیر یوسف اور حسین طلعت نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ عمیریوسف نے اپنی نصف سنچری 76گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔ حسین طلعت نے اپنی نصف سنچری 74 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ قاسم اکرم نے 36 رنز بنائے۔20 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین حسیب اللہ اور عامر جمال نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 83 رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ عامر جمال چار چوکوں کی مدد سے 35 رنز بناکر نیانکی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ لیکن دوسری جانب حسیب اللہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری 144گیندوں پر مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے جس میں ایک چھکا اور 13چوکے شامل تھے۔حسیب اللہ کھیل کے اختتام پر 14چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 111 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔ میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے تاہم میچ ڈرا کی طرف جاتا دکھائی دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی ایک روزہ رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار