یوم تکبیر

یوم تکبیر پاکستانیوں کے لیے فخر کا دن، آج منایا جا رہا ہے

پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے پچیس برس مکمل ہوگئے، آج ہی کے دن پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، ملک بھر میں پاکستانیوں کے لیے فخر کا دن ’یوم تکبیر‘ آج منایا جا رہا ہے۔
ویب ڈیسک: 25 برس قبل آج ہی کے دن پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے.
28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا، بلوچستان کے پہاڑوں سے پاکستان کی عظمت کا اعلان ہوا تو دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے ۔
چاغی کے پہاڑوں پر اللہ و اکبر کا نعرہ بلند ہوا جسے پوری دنیا میں سنا گیا، وطن عزیر پر حملہ کی خواہش لیے بھارتی حکومت کو جیسے سانپ سونگھ گیا، پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں مل کر رہ گیا.
واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام آج لبرٹی چوک میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز خطاب کریں گی، تقریب شام سات بجے ہوگی، آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
ہر سال یوم تکبیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں بھی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، اس دن خاص طور پر وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے قربانیاں دینے والے عظیم شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے سرشار پاک فوج آج ہی کے دن ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ہوگئی تھی، جو اب دشمن کی ہر جارحیت اور خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:  نواز شریف کی نیب سے توشہ خانہ کیسز میں بریت کی درخواست