مذہبی عقیدت و احترام

ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

دنیا بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، پشاور، لاہور، کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ سمیت پاکستان بھر میں بھی یوم عاشور کے مرکزی جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔
ویب ڈیسک: پشاور میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، امام حسین کی لازوال قربانی کی یاد میں شہر بھر میں عاشورہ محرم کے 12 جلوس برآمد ہوئے، جلوسوں کے اختتام پر مجالس شام غریباں منعقد کی گئیں جن میں امام عالی مقام کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
لاہور
10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس لاہور کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی، حضرت امام حسینؓ کے بیٹے حضرت علی اکبرؓ کی آخری اذان کا تذکرہ اور نبیؐ کے گھرانے پر مظالم کے غم میں زنجیروں کا ماتم ہوا، لاہور کا مرکزی جلوس مغرب کے بعد گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
کراچی
کراچی میں بھی عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، نشتر پارک میں یومِ عاشور کی مجلس ہوئی جس سے علامہ سید شہنشاہ نقوی نے خطاب بھی کیا۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں 10 محرم الحرام کا جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جو نماز مغرب کے وقت دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، جلوس کیلئے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:  ایک ماہ کے دوران 92کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف