سعودی عرب اور امریکہ کی مذمت

جے یو آئی ورکرز کنونشن خودکش حملہ، سعودی عرب اور امریکہ کی مذمت

ویب ڈیسک: سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے باجوڑ میں جے یو آئِی کنونشن میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت، ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں اتوار کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ورکرز کنونشن پر خودکش حملے میں 54 اموات کی مذمت کی ہے۔ اس واقعے میں 180 افراد زخمی بھی ہوئے، پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان پر لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ہم تشدد کے اس گھناؤنے فعل کی سخت مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں بے گناہ جانوں کا نقصان ہوا اور بہت سے دوسرے لوگوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ پرامن اور جمہوری معاشرے میں دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں کی کوئی جگہ نہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مزید کہا گیا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
سعودی عرب نے بھی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں دنیا میں کہیں بھی تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی مملکت پاکستان اوراس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ، حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں:  جنوبی زیرستان میں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے10افراد زخمی