چیئرمین متھرا کا ضمنی انتخاب

چیئرمین متھرا کا ضمنی انتخاب پی ٹی آئی نے جیت لیا

ویب ڈیسک: تحصیل چیئرمین متھرا کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار انعام اللہ 20 ہزار 333 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، پی ٹی آئی دسمبر 2021ء میں 13 ہزار ووٹوں کے فرق سے ہاری تھی جبکہ ضمنی انتخاب میں چیئرمین متھرا کی نشست ساڑھے 6 ہزار کی لیڈ سے جیت لی، جمعیت علماء اسلام کے امیدوار کا دوسرا نمبر رہا۔
گزشتہ روز پشاور کی تحصیل متھرا کے چیئرمین کیلئے ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر 155 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے جس کی سکیورٹی کیلئے تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے، ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے انعام اللہ، جماعت اسلامی کے افتخار احمد، جمعیت علماء اسلام کے رفیع اللہ، عوامی نیشنل پارٹی کے عزیز غفار، مسلم لیگ ن کے فضل اللہ جبکہ پیپلز پارٹی کے علی عباس خان امیدوار تھے۔ پولنگ کا عمل صبح سے شام 5 بجے تک جاری رہا، ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار انعام اللہ نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 20 ہزار 333 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل جمعیت علماء اسلام کے رفیع اللہ نے 13 ہزار 564 ووٹ حاصل کئے ہیں۔
اسی طرح جماعت اسلامی کے افتخار احمد نے 9 ہزار 546، پیپلز پارٹی کے علی عباس نے 5 ہزار 377، مسلم لیگ ن کے فضل اللہ نے 3 ہزار 351 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے عزیز غفار خان نے 2 ہزار 721 ووٹ حاصل کئے۔ پی ٹی آئی کی جیت کیساتھ ہی بڑی تعداد میں ورکرز باہر نکل آئے، انعام اللہ کے الیکشن آفس اور ریٹرننگ آفس کے باہر بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے، پی ٹی آئی ورکروں نے بھنگڑے ڈالے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان بھی امڈ آیا۔

مزید پڑھیں:  بیرسٹر سیف اپنی زبان کو لگام دیں ،عظمیٰ بخاری