کم وزن روٹی کی فروخت

کم وزن روٹی کی فروخت دھڑلے سے جاری، 84 نانبائی گرفتار

ویب ڈیسک: پشاور میں کئی ہفتوں سے کم وزن روٹی کی فروخت کیخلاف بالاخر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی شرو ع کر دی۔ مختلف مقامات سے 84 نانبائیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے افسران نے دن اور رات کے مختلف اوقات میں صدر کے بازاروں، یونیورسٹی روڈ، حیات آباد، کوہاٹ روڈ، رنگ روڈ ، فقیر آباد، چارسدہ روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں میں نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کے وزن کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران 84 نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کا وزن مقرر سرکاری وزن سے کم پایا گیا
جس پر افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نانبائیوں کو گرفتار کر لیا۔ ان گرفتار نانبائیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پشاور میں کئی ہفتوں سے نانبائی من مانے نرخ اور من مانے وزن کی روٹی فروخت کر رہے تھے۔ جس کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی تھی۔ سوشل میڈیا پر شکایات کے انبار کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاہم پشاور کے بیشتر علاقوں میں تاحال کارروائیاں نہیں کی گئی ہیں اور ان علاقوں میں اس وقت بھی کم وزن روٹی فروخت کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  حلقہ این اے 44: فاتح اور ہارنے والے رہنماء صوبے کے حکمران بن گئے