آج شٹر ڈاؤن ہڑتال

مہنگائی، بجلی کے زائد بل، آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

پشاور: مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے خلاف آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جب کہ اس ہڑتال کی کال جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی طرف سے دی گئی۔
ویب ڈیسک: پشاور، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹرانسپورٹ اور بسیں بھی معمول سے کم ہیں، وکلاء کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان، عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔
پشاور سمیت صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں جماعت اسلامی تاجر تنظیموں کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا سماں، ایبٹ آباد، مردان، سوات، دیر، چارسدہ، لنڈی کوتل سمیت بیشتر مقامات پر شہریوں کی جانب سے حکومت اور واپڈا کیخلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے، ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کومشکلات کا سامنا۔
کراچی میں نیشنل ہائی وے پر دکانیں اور ہوٹل بند کر کے مظاہرین سراپا احتجاج ہیں، گلشن حدید سے چلنے والی ریڈ بس سروس بھی معطل ہے جبکہ جھنگ میں بھی مہنگائی اور اووربلنگ کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، ادھر ٹھٹھہ میں بھی دکانیں اور پٹرول پمپ بند ہیں، ڈسٹرکٹ بار نارووال کی بھی بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال جاری ہے، وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ تونسہ، جیکب آباد میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے تاہم کرک میں تاجروں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مہنگائی کیخلاف دھرنا دیدیا۔
علاوہ ازیں ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت دیوار پر لکھے کو پڑھنے میں ناکام ہو رہی ہے، دوبارہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے مہنگائی کی ایک نئی لہر کو جنم دینے کی بنیاد رکھ دی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کی ایکسپورٹ بری طرح سے متاثر ہوگی، سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ پٹرولیم لیوی بڑھ کر 60 روپے لیٹر ہوچکی ہے، ہمیں معاشی بحران سے نکلنے کیلیے آؤٹ آف دا باکس حل ڈھونڈنے ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پی ٹی آئی کومذاکرات کی پیش کش