پشاورمیں بارش،سڑکیں تالاب بن گئیں،نالے ابل پڑے

ویب ڈیسک: کچھ دیر کی بارش نے پشاور کے نکاسی کے نظام کی قلعی کھول دی فجر کے دوران شروع ہونے والی بارش سے پشاور کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے جبکہ یونیورسٹی روڈ، حیات آباد، رنگ روڈ اور سٹی سرکلر روڈ پر نکاسی کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بدترین ٹریفک جام رہا ۔ پشاور میں کئی ماہ کی شدید گرمی کا زور گزشتہ روز ٹوٹ گیا جب فجر کی نماز کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا
بارش کی جھڑی تیز تھی جس کے باعث پشاور کی نکاسی کا نظام بارش کا پانی نہ جھیل سکا اور پشاور کی سڑکیں تالاب بن گئیں پشاور کا جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، خیبر روڈ، سٹی سرکلر روڈ، رنگ روڈ، چارسدہ روڈ اور دیگر شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا صبح سکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے شہریوں کیلئے وقت پر پہنچنا محال ہوگیا شہریوں کو کئی گھنٹے ٹریفک جام میں گزارنا پڑے
اس دوران نکاسی کا عملہ پانی نکالنے کی کوشش کرتا رہا جبکہ صبح 8بجے بارش رکنے کے بعد نکاسی کا پانی نکلنا شروع ہوگیا اور صبح 10بجے تک سڑکوں کی ابتر صورتحال رہی پشاور میں نکاسی کا سسٹم بوسیدہ اور یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی کی تعمیر کے بعد سے انتہائی خراب ہے جس کی وجہ سے ہلکی بارش بھی یونیورسٹی روڈ کو تالاب میں تبدیل کر دیتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کردی ہے ۔

مزید پڑھیں:  24 مئی مارخور کا عالمی دن، اقوام متحدہ نے قرارداد منظور کر لی