غزہ جنگ، او آئی سی کی اسرائیل کو استثنیٰ دینے کی مذمت

ویب ڈیسک: حماس اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی پر عالمی سطح پر صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں، امریکہ نے اسرائیل کی حمایت کا کھلم کھلا اظہار کیا جبکہ دیگر ممالک بھی اپنی اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی حامیوں کی طرف سے غزہ میں جاری جنگ پر اسرائیل کو استثنیٰ دینے کی مذمت کی جہاں امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل سے یکجہتی کے لیے دورہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق او آئی سی کی جانب سے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت کی حمایت کرنے والے بین الاقوامی مؤقف کی مذمت کرتے ہیں جو کہ قابض طاقت کو معاونت فراہم کرتے ہوئے اس کو استثنیٰ دیتے ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے گزشتہ روزبھی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔ جدہ میں ہونیوالے اجلاس میں او آئی سی نے غزہ کے ہسپتال پر حملے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی مسئلہ فلسطین کا فوری حل چاہتی ہے، اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
او آئی سی نے اپنے بیان میں اسرائیل کو غزہ کے ایک ہسپتال پر راکٹ حملے کا بھی ذمہ دار قرار دیا ہے جس میں تقریباً 450 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  او آئی سی کانفرنس: پاکستان کا غزہ محاصرے کیخلاف جہدوجہد کا مطالبہ