8 سالہ بچی ہراسگی و قتل، ملزم کو 3 بار سزائے موت کی سزا

ویب ڈیسک: صوبائِی دارالحکومت پشاور میں 8 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر کے جلانے والے ملزم کو 3 بار سزائے موت کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق مقامی عدالت نے 8 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر کے اس کی لاش کو جلانے والے ملزم کو تین بار سزائے موت دینے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور کی چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی جج حنا مہوش نے زیادتی کے بعد بچی کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ ملزم آصف رضا عرف ملنگ نے 8 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا تھا، ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بھی جلائی اور پھر قبرستان میں پھینک دی تھی۔
پولیس کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تھانہ بڈھ بیر میں متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے عدالت میں چالان جمع کرادیا۔
عدالت نے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد اسے تین بار سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیدیا۔
واضح رہے کہ 8 سالہ بچی کے قتل کا واقعہ 18 نومبر 2020 کو پیش آیا تھا، واقعے کے خلاف علاقے کے عوام نے کئی روز تک کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

مزید پڑھیں:  ایران سے سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل، مکانات منہدم، 8 افراد جاں بحق