گورنر خیبر پختونخوا کی قونصلیٹ جنرل امارات اسلامی افغانستان آمد

ویب ڈیسک: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے قونصلیٹ جنرل امارات اسلامی افغانستان کا دورہ کیا اور اس دوران گورنر خیبر پختونخوا کی پشاور میں تعینات قونصل جنرل امارات اسلامی افغانستان حافظ محب اللہ شاکر سے ملاقات ہوئی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے افغان قونصل جنرل سے افغانستان میں حالیہ زلزلہ سے 2500 انسانی اموات پر اظہار تعزیت کی اور 5 ہزار سے زائد عمارتوں کے تباہ ہونے سمیت مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔
گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ اپنی اور خیبر پختونخوا کے عوام کیجانب سے افغان حکومت اور عوام سے حالیہ زلزلہ کے باعث جانی و مالی نقصانات پر اظہار تعزیت کرتا ہوں اور جانی و مالی نقصانات پر خیبرپختونخوا کے عوام افغانستان کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ افغانستان برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے، طرفین کے عوام ایک دوسرے کے غم و خوشی میں برابر کے شریک ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی ریاست پاکستان کا فیصلہ ہے۔
حاجی غلام علی کا دوران ملاقات کہنا تھا کہ صوبے ریاستی فیصلے پر عملدرآمد میں افغان مہاجرین کی عزت و احترام یقینی بنائیں گے، افغان مہاجرین کی کئی دہائیوں تک مہمان نوازی ہم نے کی ہے، افغانستان و پاکستان کے عوام کی تہذیب، ثقافت، روایات مشترک ہیں۔
افغان قونصل جنرل نے اظہار ہمدردی کیلئے تشریف لانے پر گورنر خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خوشی، غم میں ساتھ دینے اور افغان مہاجرین کی خدمت و عزت دینے پر خیبرپختونخوا حکومت و عوام کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے کہ ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا نے افغان قونصل جنرل کی جانب سے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی سے متعلق پیش کی جانیوالی تجویز کو وزیراعظم پاکستان تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیں:  بنوں، تھانہ میریان پر دہشتگردوں کا حملہ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے پسپا