جماعت اسلامی کابڑھتی گیس قیمتوں کیخلاف احتجاجی مظاہروں کااعلان

ویب ڈیسک: نگران حکومت کی جانب سے گیس قیمتوں میں اضافہ پر ہر مکتبہ فکر کے لوگ سراپا احتجاج ہیں، جماعت اسلامی نے بھی گیس کی حالیہ بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
جماعت اسلامی کے رہنماء بحر اللہ ایڈووکیٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکومت کی پیاس بجھ نہیں رہی، حکومت آئی ایم ایف کی ایماء پر مہنگائی میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، گیس کی قیمتوں میں 194 فیصد اضافہ عوام پر ظلم کی انتہاء ہے۔
بحر اللّٰہ ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ پچھلے ماہ بجلی کی قیمتوں اور اب گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا، اس ظالمانہ اضافے سے عوام پر بے پناہ بوجھ پڑے گا۔
رہنماء جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ گیس ہمارے صوبے کی پیداوار ہے لیکن پھر بھی ہمیں مہنگی مل رہی ہے، سی این جی صنعت سے 20 لاکھ لوگوں کا روزگار وابستہ ہے، اس حکومتی اقدام سے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھیں گے۔
بحر اللّٰہ ایڈوکیٹ کے مطابق کل پشاور میں چھ مقامات پر احتجاج ہوگا، 31 اکتوبر کو آل پارٹی کانفرنس منعقد کرینگے اور احتجاج کے اگلے مرحلے پر گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دینگے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر پھر بھی گیس کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو پورے صوبے میں ہڑتال کرینگے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں بارش برسانے والا ایک اور سسٹم داخل، الرٹ جاری