اسرائیلی حملوں

عرب چینل کےنمائندے کا خاندان بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید

مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں عرب چینل الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کا خاندان بھی شہید ہوگیا۔
ویب ڈیسک: غیرملکی میڈیا کے مطابق رپورٹر وائل الدحدوح کو اسرائیلی حملوں کی کوریج کے دوران فیملی کی شہادت کی خبر ملی، شہید ہونے والوں میں رپورٹر کی بیوی، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں، بیٹا محمود ہائی سکول کے آخری سال جبکہ بیٹی شام 7 برس کی تھی۔
رپورٹر وائل الدحدوح کے خاندان کے کچھ افراد غزہ کے جنوب میں واقع نصیرات پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہونے کی وجہ سے اسرائیلی حملے میں بال بال بچ گئے، جس وقت واقعہ پیش آیا وائل الدحدوح اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
واضح رہے کہ امریکا کا خیال ہے کہ قطری نیٹ ورک الجزیرہ کی جنگ کی کوریج خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور یہ اسرائیل مخالف اشتعال انگیزی سے بھری ہوئی ہے۔
وائل الدحدوح کے گھر پر حملہ اُن رپورٹس کے فوراً بعد سامنے آیا جس میں امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے قطری وزیر اعظم سے الجزیرہ کی کوریج کو نرم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  بغیر مینڈیٹ مسلط پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کامیاب نہیں ہوگا، علی امین گنڈاپور