پی ٹی آئی رہنماﺅں کو ہراساں کرنے پر ڈی پی او چارسدہ و ڈی سی کو نوٹس جاری

ویب ڈیسک :پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماﺅں کو ہراساں کرنے اور گھروں پر چھاپے مارنے پر چارسدہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ڈپٹی کمشنر کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔
پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما فضل شکور اور خالد خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔
درخواست گزاروں کے وکیل شاہ فیصل اتمانخیل ایڈوکیٹ نے مو¿قف اختیار کیا کہ فضل شکور اور خالد خان کے خلاف جو مقدمات ہیں ان میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے، لیکن پی ٹی آئی نے ورکرز کنونشن شروع کئے تو دوبارہ ان کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں‘درخواست گزاروں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، یہ پتہ بھی نہیں کہ ان کے خلاف کیا کیسز ہیں۔
جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ کل اور کیسز بھی ہے ان میں الیکشن کمیشن کو طلب کیا ہے اس کے ساتھ ان کو بھی سنے گے۔
وکیل نے کہا کہ ایسی نوعیت کے کیسز کل بھی تھے ان میں عدالت نے 12 دسمبر کی تاریخ دی ہے، ان کیسز میں عدالت نے درخواست گزاروں کو ہراساں نہ کرنے، سرپرائز نہ دینے اور ان کو قانون کے مطابق ڈیل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر چارسدہ اور ڈی پی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  محمود اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری، 27اپریل کو پیش کرنے کا حکم