غریب آباد،غریب مزدورکے قتل کاڈراپ سین،بیوی قاتل نکلی

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے غریب آباد میں بیوی نے مبینہ ساتھی کیساتھ ملکراپنے شوہر کو بجلی کے کرنٹ اور تشددسے قتل کردیا۔ملزمہ نے مقتول کی موت کو حادثہ قراردینے کا ڈرامہ بھی رچایا تاہم موبائل ڈیٹا اور پوسٹمارٹم رپورٹ نے پول کھول دیا۔ تھانہ انقلاب پولیس نے دونوں ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ انقلاب پولیس کو 2 دسمبر 2023 کو غریب آباد سے شہری سعید اللہ ولد نیاز باچہ ساکن پھندو روڈ کی نعش ملی تھی جسکی بیوی نے ابتداء میں رپورٹ کی کہ اس کا شوہربجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا ہے تاہم پولیس نے جسم پر تشدد کے نشانات کی وجہ سے اصل حقائق جاننے کیلئے174 دریافت شروع کردی تھی۔ایس پی صدرعبدالسلام خالد کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ آنے پر معلوم ہوا کہ اسے قتل کیا گیا ہے، اسی طرح انہوں نے متوفی سعید اللہ کی بیوی کے موبائل ڈیٹا پر کام کیا تو معلوم ہوا کہ اس کاایک شخص اسد اللہ ولد زیارت گل ساکن شیخ محمدی کگہ ولہ بڈھ بیرکیساتھ مبینہ طور پرتعلق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزموں نے اعتراف کیاہے کہ انہوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اسے بجلی شارٹس اور تشدد کے ذریعے قتل کیا۔ ملزم اور ملزمہ کے درمیان گزشتہ تین یا چار سال سے تعلقات تھے اور شوہر کو راستے سے ہٹانے کیلئے اسکی جان لی گئی۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ اورملزم نے نشہ آورگولیاں دینے کے بعد مقتول کے ہاتھ باندھ کراسے بجلی کے کرنٹ دیئے۔ ملزموں نے پولیس کو بیان دیا کہ مقتول سعید پہلے ملزم اسد اللہ کے علاقے میں رہتاتھا تاہم بعد میں وہ وہاں سے غریب آباد منتقل ہوا تاہم دونوں ملزم اور ملزمہ کے درمیان تعلق برقراررہا۔ مقتول پاپڑ فروش جبکہ ملزم رکشہ ڈرائیور ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول سعید انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہا تھا۔ وہ گلیوں میں پاپڑ فروخت کرکے اپنی بیوی اور بچوں کو پال رہا تھا۔ ملزم اسد اللہ رکشہ ڈرائیور ہے جس نے ملزمہ کو بھی کئی بار رکشہ میں بٹھاکر چکر دئیے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملزمہ کے چار بچے بھی ہیں۔

مزید پڑھیں:  آئِی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی