ورسک روڈدھماکہ میں افغان گروہ ملوث ہونے کاانکشاف

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے ورسک روڈ دھماکہ میں افغان گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ متعلقہ گروہ حیات آباد میں ایف سی قافلے پر بھی حملے میں ملوث تھا۔ ادھر کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے جس کے دوران مزید سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج و دیگر شواہد پر کام کیا جا رہا ہے۔ پیر کے روز ورسک روڈ پر بابو گڑھی چوک کے قریب بم دھماکہ ہوا تھا جس سے افغان بچوں سمیت 7شہری زخمی ہوگئے تھے۔ نامعلوم تخریب کار پولیس کی موبائل کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم جیسے ہی موبائل سڑک سے گزری اس دوران زوردار دھماکہ ہوگیا۔ دھماکہ سے آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ورسک روڈ دھماکہ میں افغان باشندے ملوث ہیں اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے گروہ نے رواں سال حیات آباد میں بھی ایف سی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ نیٹ ورک کو ٹریس کرنے کیلئے تحقیقاتی کی جارہی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکے میں دیسی ساختہ بم استعمال ہوا ہے جو 4کلوگرام وزنی تھا۔ ادھر سی ٹی ڈی نے دہشتگردی سمیت مختلف دفعات کے تحت واقعہ کی رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

مزید پڑھیں:  افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ترجمان دفتر خارجہ