انتونیو گوتریس سے ملاقات

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

ویب ڈیسک: دورہ امریکہ کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انتونیو گوتریس نے نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاک فوج وقانون نافذ کرنے والے اداروں کے عالمی امن واستحکام میں تعاون کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یواین کے چیف سیکرٹری سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال اور جنگ بندی پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ناگزیر ہے، تنازع کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور بھارتی اقدامات کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی دورہ امریکا میں امریکی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، جنرل عاصم منیر نے سیکرٹری آف اسٹیٹ، ڈیفنس سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ سے ملاقاتیں کیں۔
جنرل عاصم منیر نے ڈپٹی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آرمی چیف کے دورے سے مختلف شعبوں میں پاکستان امریکا کے درمیان تعاون بڑھے گا۔

مزید پڑھیں:  ممبئی، مدارس پر پابندی کا عمل سپریم کورٹ نے روک دیا