افغان حکومت ک

افغان حکومت کا درجنوں ٹی ٹی پی دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعوی

ویب ڈیسک: افغان حکومت کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کئے گئے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی کے 40 دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔
طالبان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے تصدیق کی ہے کہ ٹی ٹی پی کے 40 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا ہے تاہم گرفتار دہشتگردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ ان میں کتنے رہنما اور کس رینک کے کمانڈرز شامل ہیں۔
ترجمان عبد المتین قانع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے 35 سے 40 تک کے کارکنان جیلوں میں ہیں اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے، تمام مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ٹی ٹی پی کے ملوث ہونے پر پاکستان متعدد بار افغان حکومت سے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی اور حوالگی کا مطالبہ کر چکا ہے۔
البتہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ افغان حکومت نے ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی گرفتاری کا باضابطہ دعویٰ کیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان دہشت گردوں کو مزید کارروائی کیلئے پاکستان منتقل کیا جائے گا یا نہیں۔

مزید پڑھیں:  ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 کی منظوری دیدی گئی