یوسف گیلانی

شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،یوسف گیلانی

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے تاثر زائل ہونا چاہیے کہ کون سی جماعت اقتدار میں آئے گی، صاف اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،
ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سب کیلئے یکساں ہونی چاہیے، پیپلزپارٹی کے بغیر کوئی جماعت حکومت نہیں بنا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن پر صاف اور شفاف انتخابات کیلئے پریشر ڈالیں گے ، میں2027تک سینیٹر ہوں، میں نے اپنے آپ کو بطور امیدوار پیش کیا ہے، ہم پرفارمنس کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کاکہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو اور نوازشریف کے درمیان میثاق جمہوریت ہوا، ہم آئین کو دوبارہ اصل شکل میں لیکر آئے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دوالگ جماعتیں ہیں جن کے اپنے اپنے منشور ہیں، عام انتخابات میں ہر ایک جماعت کا پروگرام علیحدہ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوام کیلئے قربانیاں سب کے سامنے عیاں ہیں، ہم نے بھی جیلیں کاٹیں، نااہل ہوئے جس کا ذکر کبھی نہیں کیا، پیپلزپارٹی ایک جدوجہد کا نام ہے، ہم اقتدار کیلئے خدمت نہیں کرتے،ہم باہر رہ کر بھی خدمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  معاشی صورتحال میں بہتری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، شہباز شریف