شاہ رخ خان کی 3 فلموں نے 2500 کروڑ کا بزنس کر کے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

ممبئی: بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کیلئے 2023ء فلم انڈسٹری پر حکمرانی کا سال ثابت ہوا اور ان کی تین فلموں نے ریکارڈ توڑ بزنس کیے۔
گزشتہ سال جنوری میں اداکار کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہوئی، درمیان میں ’جوان‘ جبکہ دسمبر میں راج کمار ہیرانی کی ’ڈنکی‘ سے برس کا اختتام ہوا، بالی وڈ کنگ کی تینوں فلموں کا مجموعی بزنس 2500 کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر گیا اور یہ پاکستانی 85 ارب روپے بنتے ہیں۔
شاہ رخ خان ایک سال میں 2500 کروڑ کا بزنس کرنے والے انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے جبکہ ان کی بڑے پردے پر چار برس بعد واپسی ہوئی تھی۔
’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ جان ابراہم، دیپیکا پڈوکون اور ڈمپل کپاڑیا بھی شامل تھیں جبکہ اس میں سلمان خان نے خصوصی جھلک دی تھی، ستمبر میں ایٹلی کی ’جوان‘ ریلیز ہوئی جس میں اداکار نئے روپ میں نظر آئے، ’جوان‘ کمائی کے اعتبار سے ہندی سینما کی کامیاب ترین فلم بن گئی۔