عالمی عدالت میں دلائل

فلسطینیوں کی نسل کشی :جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت میں دلائل پیش کردیئے

ویب ڈیسک :جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطینیوں کی نسل کشی سے متعلق اسرائیل کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران اپنے دلائل پیش کردیئے ۔
عالمی عدالت انصاف نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے پر جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کیخلاف دائر درخواست پر دو روزہ سماعت کا آغاز کردیا، سماعت کے دوران جنوبی افریقہ نے اپنے دلائل پیش کردیے جبکہ عالمی عدالت جمعہ کو اسرائیل کا جواب سنے گی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے 84 صفحات پر مشتمل درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ غزہ میں حملوں کے ذریعے اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، غزہ میں نہتے شہریوں کو قتل کیا جا رہا ہے، عالمی عدالت غزہ میں فوجی آپریشن کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت جاری کرے۔
جنوبی افریقہ کے وزیر انصاف نے کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں غذائی قلت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے ، غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر 247فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہاہے ،عالمی برادری نے فلسطینیوں کو ناکام کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جنگ کی وجہ کوئی بھی کہیں بھی محفوظ نہیں ہے، عالمی عدالت اسرائیل کو غزہ میں فوجی کارروائیوں سے روکے۔
دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کیخلاف دائر کی گئی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا کی اسرائیل مخالف درخواست امن کوششوں سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے۔

مزید پڑھیں:  بارشوں کا نیا سپیل، خیبر پختونخوا میں سیلاب کے خطرات۔ الرٹ جاری