اقوام متحدہ

بے گھر ہونیوالے فلسطینیوں کیلئے امداد ناکافی ہے، اقوام متحدہ

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ نے بے گھر ہونیوالے فلسطینیوں کیلئے خیموں، غذا، پانی اور ادویات کی فراہمی کو ناکافی قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے (او سی ایچ اے) کے سربراہ نے اسرائیلی حملوں اور جبری بے دخلی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کیلئے المساوی پناہ گزین کیمپ میں خیموں، غذا، پانی اور ادویات کی فراہمی کو ناکافی قرار دیدیا ہے۔
پناہ گزین کیمپ سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں سربراہ او سی ایچ اے نے کہا کہ اسرائیل نے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے آدھی اراضی سے بھی کم جگہ بے گھر فلسطینیوں کو رکھنے کیلئے مختص کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی کم جگہ میں جبری بے دخل کئے گئے 18 لاکھ بے گھر فلسطینیوں کو رکھنے کا کہا جا رہا ہے۔
جبکہ یہاں کی صورتحال بہت ہی تشویشناک ہے کیونکہ یہاں لوگوں کی تعداد بہت زیادہ اور وسائل بہت کم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گھر فلسطینیوں کو اس وقت انسانی امداد کی شدید ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کے حکم پر شیر افضل مروت کو سیاسی و کور کمیٹی سے نکال دیا گیا