سیٹ ایڈجسٹمنٹ

چارسدہ :اے این پی اور قومی وطن پارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ جبکہ این اے 25پر ایمل ولی خان مشترکہ امیدوار ہوں گے ‘مشترکہ پریس کانفرنس
ویب ڈیسک :چارسدہ کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی‘عام انتخابات کے لئے عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی کے درمیان ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ۔
سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ قومی اسمبلی کے دو حلقوں پر ہوئی جس کے تحت این اے 24 پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ جبکہ این اے 25پر ایمل ولی خان مشترکہ امیدوار ہوں گے ۔
قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین افتاب احمد خان شیرپاﺅ اور اے این بی کے صوبائی صدر ایمل ولی حان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں فیصلے کا اعلان کیا۔
سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت این اے 24 پر آفتاب احمد شیرپاؤ کے مقابلے میں اے این پی کے امیدوار عرفان علی جبکہ این اے 25 پر ایمل ولی خان کے مقابلے میں قومی وطن پارٹی کے امیدوار قیصر جمال دستبردارہوگئے ۔
پریس کانفرنس کے دوران آفتاب احمد خان شیرپاﺅ نے کہا کہ انتخابی اتحاد کے دورس اور مثبت نتائج برآمد ہونگے ‘صوبے کے حقوق کےلئے مستقبل میں بھی ایک ساتھ کام کرینگے۔
اس موقع پر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پختونوں کے حقوق کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘ وقت آگیا ہے کہ پختون قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائے۔
پریس کانفرنس میں دونوں جماعتوں کے دستبردار ہونے والے امیدواران سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ترجمان دفتر خارجہ