بلاول

ووٹ پر ڈاکہ کسی صورت منظور نہیں ہوگا‘ بلاول

ویب ڈیسک :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ، ووٹ پر ڈاکہ کسی صورت منظور نہیں ہوگا‘اگر میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا توپھر ایسا پیچھا کروں گا کہ عمران خان کو بھول جائیں گے۔
لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پرانے سیاستدان آج تک سیاست میں ہیں، پرانے سیاستدان نفرت اورتقسیم کے علاوہ کچھ نہیں دیتے، ان لوگوں نے سیاست کو سیاست نہیں بلکہ گالی بنادیا ہے، پورا ملک مایوس ہے کہ کیا یہ ہماری قسمت میں ہے کہ ان کی شکلیں دیکھنی ہیں، پرانے سیاست دانوں کی ضد اورانا کی وجہ سے معیشت کونقصان ہوا ہے، ان لوگوں نے اپنی ضد کی وجہ سے معیشت، ملک اورجمہوریت کونقصان پہنچایا ہے۔
نواز شریف کا نام لیے بغیر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ یہ شخص چوتھی بار ملک کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، یہ لوگ پاکستان کے عوام کوبیوقوف بنانا چاہتے ہیں، عوام ان کو اور ان کے طریقہ کارکوپہچانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ سندھ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں ہیں، اگر میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا چھیڑ چھاڑ ہوئی توپھر ان کا ایسے پیچھا کروں گا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو بھول جائیں گے۔
میں نے بانی پی ٹی آئی کو پہلے دن سلیکٹڈ کہا تھا اور 3 سال سے زیادہ نہیں چل سکے، اگر وہ صاف شفاف الیکشن جیتتے ہیں تو بسم اللہ، ووٹ پر ڈاکا منظور نہیں ہوگا، یہ ثابت کردوں گا کہ لاڑکانہ والے فیصلہ کرجاتے ہیں تو پورے پاکستان کو وہ فیصلہ ماننا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بار میاں برادران نے ملتان جیسے شہر میں جلسہ ہی نہیں کیا، اس کا مطلب وسیب ان کے ہاتھ سے گیا، سب کچھ ہونے کے باوجود اتنا ٹف ٹائم مل رہا ہے کہ ان کے پسینے چھوٹ رہے ہیں، یہ چند سیٹیں تو نکال لیں گے لیکن کلین سوئپ کا چانس نہیں، ان کا تختہ لاہور ہل رہا ہے، پورا ٹبر لاہور کی سڑکوں پر پھر رہا ہے، عوام انہیں بھاؤ نہیں دے رہے، عوام تو ان کی شکل تک دیکھنا نہیں چاہ رہے۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو ہراکر دوسری فتح حاصل کرلی