غزہ !!! طاقت مطلق سچائی نہیں ہوتی

امریکہ کے سابق جنرل فرانک مکینزی نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل حماس کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی کامیابی بہت محدودہے اور وہ حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے میں بھی ناکام رہا۔اس سے کچھ ہی لمحے پہلے اسرائیل کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں غزہ میں حماس کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے،جس کی وجہ سے علاقے میں ہلاکتوں کی تعداد پچیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے سابق جنرل فیس دی نیشن پوڈ کاسٹ میں ایک صحافی کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اس ہدف کے ساتھ غزہ میں داخل ہوا تھا کہ وہ حماس کی سیاسی اور فوجی قیادت کو ختم کر دے گالیکن اس سلسلے میں اسے ابھی محدو د کامیابی ملی ہے۔ان کے مطابق امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق اسرائیل ابھی تک حماس کی بیس سے تیس فیصد قیادت کو ختم کر سکا ہے اور اس دوران مجموعی ہلاکتوں کی تعداد چھبیس ہزار ہے جوایک ایک واضح تضاد کو ظاہر کر رہا ہے۔(دوسرے لفظوں میں یہ کہ حماس کو بیس یا تیس فیصد کارکنوں کو مارنے کیلئے چھبیس ہزار افراد کو ماردیا گیا)۔ امریکی جنرل کا کہنا تھاکہ اسرائیل کے سامنے صورت حال واضح نہیں کہ جنگ ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا؟۔ جنرل مکینزی سے جب پوچھا گیا تو ایسی صورت حال میں کیا ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ جب آپ فوجی مہم شروع کرتے ہیں تو آپ کو اندرون ملک ویژن کی ضرورت ہوتی ہے۔اس لئے اسرائیل کو مسئلے کا دو ریاستی حل تلاش کرنا چاہئے۔جنرل مکینزی جنرنیلوں کی بھیڑ میں شامل کوئی عام شخص نہیں بلکہ 2022ء میں ریٹائر ہونیوالے یہ جنرل افغانستان میں امریکی جنگ کے آخری مرحلے کے نگران تھے۔ افغانستان میں امریکہ کی بگران ائر بیس اس کا مسکن بھی تھی اور وہ اس پر ایسے ہی گھومتے اور فوجی آپریشنز کی نگرانی کرتے کہ جیسے گھر کے دالان میں مالک چہل قدمی کررہا ہو۔جنرل میکنزی نے جنگیں لڑتے لڑتے آخر کار افغانستان سے امریکی انخلاء کا منظر بھی اپنی آنکھوں سے دیکھابلکہ وہ دوحہ مذاکرات سمیت بہت سے مراحل میں فریق کے طور پر مذاکرات کی میز پر ایک ایسے مدمقابل کے ساتھ بیٹھنے پر مجبور ہوئے جسے وہ دہشت گرد اور اپنی تہذیب کے دشمن اور انسانیت کو پتھر کے دور میں واپس دھکیلنے کیلئے کوشاں قرار دیتے رہے تھے۔شاید حالات اور وقت کا جبر تھا کہ جنرل مکینزی اس فریق کیساتھ بیٹھنے پر مجبور تھے ۔جنرل مکینزی نے ریٹائر منٹ کے بعد ایک امریکی صحافی کو تہلکہ خیز انٹرویو دیا تھا مگر ان کا ایک جملہ حاصل کلام بن کر رہ گیا ۔جنرل مکینزی کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں اپنے راہ ہی کھو بیٹھا تھا ۔اس جملے میں تجربہ بھی بولتا تھااور مشاہدہ بھی ۔جس کا خلاصہ یہ تھا کہ امریکہ کو کچھ سجھائی نہیں دے رہا تھا کہ اس جنگ میں کس راہ پر جانا ہے ۔جنگ کو کب تک جاری رکھنا ہے اور جنگ کا اختتام کب کرنا ہے ؟جنگ کے خاتمے کے بعد کیا کرنا ہے؟اسی کیفیت کو بندگلی میں پھنسناکہتے ہیں۔امریکہ بھی افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کو ختم کرنے اور افغان عوام کو جمہوریت سے آشنا کرنے کے دعوے کے محدود مقاصد کیساتھ آیا تھا ۔سال دو سال میں افغانستان کے مقامی انتظام کو مضبوط بنا کر امریکہ کو نکل جانا چاہئے تھا مگر یہ سفر سولہ برس پر محیط ہوگیا اور جنگ جس قدر طویل ہوتی چلی گئی طالبان کو قوت اور آکسیجن ملتی گئی ۔امریکی فوج کی غلطیوں کا سار ا فائدہ طالبان اُٹھاتے رہے۔اس پس منظر میں غزہ کی جنگ کے بارے میں امریکی جنرل مکینزی کا تبصرہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔غزہ کی جنگ کے بارے میں جنرل مکینزی کا تبصرہ بھی”راہ گم ہوجانے ”کا ہی معانی لئے ہوئے ہے ۔اسرائیل کو کئی ماہ بعد چھبیس ہزار افراد کو قتل کرکے جن میں اکثریت بچوں کی ہے اور غزہ کو ملبے اور راکھ کا ڈھیر بنا کر بھی اگر اپنے مقصد میں بیس یا تیس فیصد کامیابی ملی ہے تو سمجھ جانا چاہئے کہ اسرائیل جنگ کی طوالت میں راستہ بھول بیٹھا ہے اور وہ انہی غلطیوں پر اصرار کر نے کی راہ پر چل پڑا ہے جن کو جنرل مکینزی اپنے تجربے اور مشاہدے کی صورت میں گاہے بگاہے بیان کر رہے ہیں ۔ اس سے ملتے جلتے خیالات کا اظہار فلسطین کی اسلامی جہاد تنظیم نے بھی کیا ہے ۔اسلامی جہاد کے سیاسی دفتر کے ترجمان علی ابو شاہین نے کہا ہے کہ صیہونی فوجی غزہ میں بند گلی میں پہنچ گئے ہیں۔فلسطینیوں کو نقل مکانی پر جبری طور پر مجبور کرنا ایک خواب ہے جو شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔دنیا اب غزہ کو نہیں بلکہ اسرائیل کو اس دلدل سے نکالنے کے راستے تلاش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پر یقین نہیں کرتے کیونکہ بائیڈن حکومت صیہونی حکومت کی مالی اور فوجی مدد کررہی ہے۔اسلامی جہاد کے نمائندے کا اشارہ امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن کے امن مشن کی جانب ہے جو ابھی تک چند ماہ میں چھ بار مشرق وسطیٰ کا دورہ کرچکے ہیں اور ان دنوں بھی سعودی عرب مصر قطر سمیت کئی ملکوں میں گھوم کر اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے طریقہ کار پر بات چیت کر رہے ہیں۔غزہ جنگ کے 123دن مکمل ہو چکے ہیں اور اس عرصے میں فلسطینیوں پر ایک کوہِ غم ٹوٹ پڑا ہے ،انہیں اپنی تاریخ کے ایک اور بدترین بحران کا سامنا کرنا پڑا اوران کے زخم اب شاید ہی مندمل ہو سکیں مگر اس چار ماہ میں اسرائیل بھی عرب کے نجیب حکمرانوں خاندانی بادشاہوں،متمول حکمرانوںاور اس کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمان ملکوں کو اپنا اسیر بناکر اپنا رعب ودبدبہ بھی گنو ا بیٹھا۔مشرق وسطیٰ کا تھانیدار بننے کا شوقین اسرائیل ایک مسلح تنظیم کے ہاتھوں اس قدر زچ ہو اکہ اب اس کی باعزت واپسی کی راہیں تلاش کی جا رہی ہیں ۔اس عرصے میں طاقت کی کارفرمائی کا کونسا مظاہر ہ ہے جو غزہ میں نہیں ہوامگر اس کے باوجود ثابت یہ ہوا کہ طاقت بہت کچھ ہوتی ہے مگر سب کچھ نہیںمطلق سچائی نہیں۔

مزید پڑھیں:  گندم سکینڈل۔۔۔ اعتراف گناہ؟؟