حلف لینے کا حکم

خیبر پختونخوا اسمبلی :مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم جاری کردیا ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کیخلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیاگیا۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ اسپیکر کے پی کے اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیئے جائیں گے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی اگر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل نہیں کرتے تو انتخابات ملتوی کیے جائیں گے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کریں اور مخصوص نشستوں پر نئے ارکان سے حلف نہ لینے کی صورت میں الیکشن کمیشن کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہو گا اور صوبے میں سینیٹ الیکشن کی تاریخ میں توسیع کر دی جائے گی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں:  درگئی: رکشہ اور موٹر سائیکل کے تصادم میں نوجوان جاں بحق