لاہور:پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کورونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں،مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے تاہم ڈاکٹروں نے اینٹی باڈیز کے ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک سخت احتیاط جاری رکھنے کے لیے کہا ہے،
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد چار ہزار 712 ہو گئی ہے،اتوار کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 93 مریض انتقال کر گئے ہیں۔ اس دوران 25 ہزار 527 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین ہزار 191 مثبت آئے،
پاکستان میں اب تک دو لاکھ 23 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 29 ہزار 830 مریض صحت یاب ہوئے ہیں،سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں اس وقت 93 ہزار 932 ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ پانچ ہزار 130 مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 467 وینٹیلیٹرز پر ہیں،
واضح رہے کہ پاکستان میں دو ماہ تک لاک ڈاؤن کے بعد کاروبار مرحلہ وار کھولا گیا۔ حکومت کی پالیسی کے تحت اب جس علاقے میں کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آتے ہیں وہاں سمارٹ یا سیلیکٹڈ لاک ڈاؤن کیا جاتا ہے،ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بعض علاقوں کو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر بند کیا گیا ہے،
پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں پنجاب کے صوبے میں ایک ہزار 871 ہوئی ہیں جبکہ سندھ میں یہ تعداد ڈیڑھ ہزار ہو چکی ہے،خیبر پختونخوا میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 1020 ہے جبکہ بلوچستان میں 123 اور وفاقی دارالحکومت میں 134 مریض عالمی وبا کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے۔